کشمیر میں موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں، مزید بارشوں کا امکان

سری نگر//وادی کشمیر میں دگرگوں موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چند روز کے دوران ہلکے سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 18.6 ملی میٹر بارش سیاحتی مقام پہلگام میں ریکارڈ ہوئی جبکہ اس وقت کے دوران گلمرگ میں 3.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران معمولی بوندا باندی ہوئی جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ میں 7.8 ملی میٹر اور قاضی گنڈ میں 8.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادھر وادی میں بارشوں کے باوجود گلمرگ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت19.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت14.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 17.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہر قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔