عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// میدانی علاقوں میں رات بھر بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد، جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر موسم صاف ہے اور محکمہ موسمیات نے 13 اکتوبر تک آسمان صاف رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس دوران بالائی مقامات پر بارش/برفباری کا ایک مختصر سلسلہ ہو سکتا ہے لیکن “امکانات کم ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ 11 سے 13 اکتوبر تک موسم بنیادی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 14 سے 17 اکتوبر تک جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی مقامات پر برفباری کا 60 سے70 فیصد امکان ہے۔
محکمہ کے عہدیدار نے بتایا کہ گزشتہ شام سے منگل کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک سری نگر میں 16.7 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 17.2 ملی میٹر، پہلگام میں 16.6 ملی میٹر، کپواڑہ میں 3.6 ملی میٹر، کوکرناگ میں 21.0 ملی میٹر، گلمرگ میں 26.6 ملی میٹر، جموں میں 27.5 ملی میٹر، بانہال میں 30 ملی میٹر ، کٹرہ میں 32.4 ملی میٹر اور بھدرواہ 18.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔