جموں و کشمیر مخالف فیصلوں میں کردار ادا کرنے پر کیجریوال عوام سے معافی مانگیں: روح اللہ

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// سرینگر سے ممبر پارلیمنٹ اور جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) کے رہنما آغا روح اللہ مہدی نے منگل کو دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سربراہ اروند کیجریوال سے 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور ریاست کو دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کرنے کے فیصلوں میں کردار ادا کرنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
روح اللہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب کیجریوال نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ نامزد عمر عبداللہ کو مشورہ دیا کہ اگر انہیں نام نہاد “آدھی ریاست” چلانے میں کوئی مشکل پیش آئے تو ان سے مشورہ لیں۔
روح اللہ نے کہا، “وہ انڈیا بلاک کا حصہ ہیں، میں زیادہ کچھ کہنا نہیں چاہتا، لیکن میں انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر اب بھی مشکلات کا شکار ہے۔ لہٰذا ہمیں بتانے سے پہلے کہ ہمیں کیسے کام کرنا ہے، انہیں خود احتسابی کرنی چاہیے اور جموں و کشمیر کے عوام سے کسی نہ کسی طرح معافی مانگنی چاہیے۔ ہم ان کے اتحاد میں شراکت داری کو احترام دیں گے”۔
پی ٹی آئی کے مطابق، روح اللہ نے امید ظاہر کی کہ کیجریوال نے خود احتسابی کریں گے اور یہ تسلیم کریں گے کہ 2019 کے فیصلے کتنی بڑی غلطی تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ کیجریوال قوم کی تعمیر نو اور جموں و کشمیر کے عوام کو بااختیار بنانے کے لیے ایک شراکت دار رہیں گے۔