محبوبہ کا کارکنوں کی حراست کے خلاف احتجاج؛ پولیس نے الزامات کی تردید کی

عظمیٰ ویب ڈیسک

بجبہاڑہ// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ کی امیدوار محبوبہ مفتی نے ہفتہ کو جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ علاقے میں اپنی پارٹی کے کارکنوں کی حراست کے خلاف احتجاج کیا، تاہم، پولیس نے یہ کہتے ہوئے جواب دیا کہ پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ تر بالائی ورکروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
محبوبہ نے اپنے کارکنوں کے ساتھ بجبہاڑہ پولیس تھانہ کے سامنے دھرنا دیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایل جی انتظامیہ 1987 کو دہرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ، “تمام پی ڈی پی پولنگ ایجنٹس کو مختلف تھانوں میں حراست میں لیا گیا ہے”۔
محبوبہ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی نے لال قلعہ سے اعلان کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں گے۔
محبوبہ نے ایل جی منوج سنہا سے سوال کیا۔
محبوبہ کو جواب دیتے ہوئے، اننت ناگ میں پولیس نے کہا کہ صرف چند لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن کا ماضی داغدار کیا ہے اور پولنگ کے دن امن و امان اور سیکورٹی کو لاحق خطرات کا باعث بن سکتے تھے۔
پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “حراست میں لئے گئے زیادہ تر افراد جنگجووں کے بالائی ورکر ہیں اور انہیں محفوظ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی تحویل میں لیا گیا ہے”۔