عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعرات کے روز بھارت اور پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دشمنی ختم کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔
محبوبہ مفتی نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر کہا کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والا ہولناک حملہ بھارت اور پاکستان کے تعلقات کو ’’تباہی کے دہانے پر‘‘لے آیا ہے۔انھوں نے کہا کہ معصوم جانوں، بشمول خواتین اور بچوں، کا المناک نقصان اس تنازعے کی انسانی قیمت کا ایک دل دہلا دینے والا ثبوت ہے۔ کشیدگی کے ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مزید جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا،یہ تلخ حقیقت ہے کہ اس مسئلے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، صرف مزید اذیت اور تباہی ہے۔جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے بھارت اور پاکستان کی قیادت پر زور دیا کہ وہ پرامن بقائے باہمی کا راستہ اپنائیں۔
میں خاص طور پر وزیر اعظم ہند سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ دشمنی ختم کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔ آج پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے کہ پرامن بقائے باہمی اور رابطے کو ہی ہمارا واحد ذریعہ بنایا جائے۔محبوبہ مفتی نے کہاصرف خلوص نیت اور مسلسل کوششوں سے ہی ہم کشیدگی میں کمی لا سکتے ہیں اور امن کی بحالی کے مشکل عمل کا آغاز کر سکتے ہیں۔
محبوبہ مفتی نے بھارت اور پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی
