عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتے کے روز نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر الزام لگایا کہ انہوں نے مبینہ طور پر افسوسناک بیان دے کر پہلگام حملے میں کشمیریوں کو ملوث قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاایک سینئر رہنما کی حیثیت سے، اور وہ بھی ایک کشمیری ہونے کے ناطے، ان کا یہ بیان تقسیم پیدا کرنے والے بیانیوں کو ہوا دے سکتا ہے اور کچھ میڈیا چینلز کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ کشمیریوں اور مسلمانوں کو مزید بدنام کر سکیں اور انہیں نشانہ بناسکیں۔
ادھر نیشنل کانفرنس نے محبوبہ مفتی کے ایک اس بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کبھی مقامی لوگوں کو قصور وار نہیں ٹھہرایا۔محبوبہ مفتی نے ایکس پر اپنے بیاں میں کہا فاروق صاحب کا پہلگام دہشت گرد حملے میں کشمیریوں کو ملوث قرار دینا نہایت تشویشناک اور افسوسناک ہےان کا کہنا ہےایک سینئر رہنما کی حیثیت سے، اور وہ بھی ایک کشمیری ہونے کے ناطے، ان کا یہ بیان تقسیم پیدا کرنے والے بیانیوں کو ہوا دے سکتا ہے اور کچھ میڈیا چینلز کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ کشمیریوں اور مسلمانوں کو مزید بدنام کر سکیں اور انہیں نشانہ بناسکیں۔
محبوبہ مفتی نے کہا یہ نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ ایک ایسے وقت میں انتہائی خطرناک بھی ہے جب جموں و کشمیر کے طلبہ اور تاجروں کو پہلے ہی بڑھتے ہوئے خطرات اور حملوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاہمیں ہمانشی نروال سے سبق لینا چاہیے جنہوں نے اپنے شوہر کی شہادت کے باوجود بھارتیوں سے اپیل کی کہ کشمیریوں یا مسلمانوں کو موردِ الزام نہ ٹھہرائیں اور نشانہ نہ بنائیں۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے محبوبہ مفتی کے اس بیان کوجھوٹ سے تعبیر کرتے ہوئے کہامحبوبہ مفتی جھوٹ بول رہی ہے، یہ افسوسناک بات ہے کہ ایک ایسی شخص جو وزیر اعلیٰ رہ چکی ہو اس حد تک نیچے گر سکتی ہے۔انہوں نے کہا ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کبھی بھی ’’کشمیریوں‘‘یا ’’مقامی لوگوں‘‘کا ذکر نہیں کیا۔ ایک ایسے وقت میں جب ہم ہندوستان بھر میں کشمیری طلباء، تاجروں اور خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان کے الفاظ کو غلط انداز میں پیش کرنا اور انہیں مزید خطرے میں ڈالنا شرمناک ہے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ محبوبہ کو معافی مانگنی چاہئے اور اس ٹویٹ کو حذف کرنا چاہئے جب تک کہ وہ یہ ثابت نہ کرسکے کہ انہوں نے جو دعویٰ کیا ہے، یہ سیاست نہیں، لاپرواہی ہے۔۔
محبوبہ مفتی ثابت کریں یامعافی مانگ کر پوسٹ کو حذف کریں: تنویر صادق
