عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار کا کہنا ہے کہ پی ڈی پی موجودہ دورمیں خود کو موزوں رکھنے اور اپنے سیاہ ماضی کی پردہ پوشی کرنے کیلئے تمام حربے اپنا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حقیقت یہی ہے کہ قلم دوات جماعت کو جموں وکشمیر کے عوام نے مسترد کردیا ہے کیونکہ اس جماعت نے نہ صرف جموں وکشمیر کا خصوصی درجہ چھیننے میں بھاجپا کی مدد و اعانت کی بلکہ اس تاریخی ریاست کو ایک مرکزی زیر انتظام علاقہ بنوایا۔
انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی طرف سے عمر عبداللہ حکومت کے خلاف مسلسل تنقید برائے تنقید کوئی حیرانگی نہیں،کیونکہ ان کے پاس اس کے سوا اور کچھ نہیں بچا ہے۔
ان کے مطابق پی ڈ ی پی موجودہ دور خود کو موزون جتلانے کی حد درجہ کوشش کررہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پی ڈی پی والوں کی لن ترانیوں ، فریبی بیانات اور ڈرامہ بازی اب لوگوں کو ہضم نہیں ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آج کل شراب پر پابندی کیخلاف ڈرامہ بازی میں لگے ہوئے ہیں اور اس کیخلاف فریبی دستخطی مہم شروع کردی ہے لیکن اس بات کا خلاصہ کرنے سے قاصر ہے کہ 2016میں اپنی حکومت کے دوران شراب پر پابندی کی بل کو ’یہ آزادی اور انتخاب کا معاملہ ہے‘ کہہ کر یکسر مسترد کیوں کیا اور اپنے دورِ حکومت میں یہاں دڑا دھڑ شراب کی لائسنسیں کیسے درپردہ طور پر اجراءکیں۔
عمران نبی ڈار نے کہا کہ پی ڈی پی کی ڈرامہ بازی کا جمو ں وکشمیر اور یہاں کے عوام کو بہت بڑا نقصان اُٹھانا پڑا ہے اور اب یہاں کے عوام دوبارہ پی ڈی پی کی جھوٹی، فریبی اور گندی سیاست کے جھانسے میں نہیں آنے والے ہیں۔
محبوبہ مفتی اپنی جماعت کو موزوں رکھنے کیلئے تنقید برائے تنقید میں مصروف:این سی ترجمان
