عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کو مرکز سے اپیل کی ہے کہ وہ علیحدگی پسند رہنما شبیر احمد شاہ کے معاملے میں ’’انسانی بنیادوں‘‘پر غور کرے اور ان کی جان لیوا بیماری کے پیشِ نظر مناسب طبی سہولیات فراہم کرے۔
محبوبہ مفتی نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا:درخواست ہے کہHMOIndia شبیر شاہ کی بیٹی سحر شبیر کی دل سے کی گئی اپیل پر فوری غور کرے۔ اس نازک مرحلے پر ہم حکومت ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرے اور یہ یقینی بنائے کہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ یہ شاید ان کے خاندان کے لیے ان کے درد کو کم کرنے کا آخری موقع ہو۔ برائے مہربانی ہمدردی کو رہنمائی کا ذریعہ بنائیں۔
یہ اپیل اس وقت سامنے آئی جب شبیر شاہ کی بیٹی سحر شبیر نے اپنے والد کے لیے ’’انصاف اور ہمدردی‘‘کی جذباتی اپیل پوسٹ کی۔
انہوں نے لکھایہ سیاست نہیں ہے، یہ ملک دشمنی نہیں ہے، یہ کسی حکومت یا ادارے کے خلاف نہیں ہے۔ یہ صرف میرے والد کی زندگی کا مسئلہ ہے، ان کی صحت، ان کے وقار کے ساتھ علاج کا حق۔ کیا آپ کا ضمیر زندہ ہے؟سحر نے کہا کہ ان کے والد گزشتہ 38 سال سے بغیر کسی سزا کے جیل میں قید ہیں۔
سحر نے کہاآج وہ شدید بیمار ہیں، انہیں متعدد سرجریوں کا مشورہ دیا گیا ہے، مگر نہ تو مناسب علاج ہو رہا ہے، نہ میڈیکل رپورٹس تک رسائی ہے اور نہ ہی پچھلے دو برسوں میں انہیں کوئی فون کال کی اجازت دی گئی، جو ہر قیدی کا حق ہے۔
سحر نے کہا کہ ان کی یہ اپیل ایک بیٹی کی ہے ہمدردی، انصاف اور بنیادی انسانیت کے لیے۔انھوں نے کہا اگر آپ کے دل میں اب بھی احساس ہے تو میری بات سنیں۔ اگر انصاف کا کوئی مطلب ہے تو اب بولیں، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔ کیونکہ اگر اس بار بھی خاموشی جیت گئی، تو یاد رکھیں، آپ کو بتایا گیا تھا۔ آپ جانتے تھے۔ اور آپ نے منہ موڑ لیا۔
محبوبہ مفتی کی مرکز سے اپیل: علیحدگی پسند رہنما شبیر احمد شاہ کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں
