عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے اپیل کی ہے کہ وہ یمن میں سزائے موت کا سامنا کرنے والی بھارتی نرس نمیشا پریا کی جان بچانے کے لیے فوری مداخلت کریں۔محبوبہ مفتی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں لکھا:’نمیشا پریا، ایک بھارتی نرس، 16 جولائی کو یمن میں سزائے موت کے خطرے سے دوچار ہے۔ ‘
38 سالہ نمیشا پریا، جو کیرالہ کے ضلع پالکڑ کی رہائشی ہے، کو 2017 میں اپنے یمنی بزنس پارٹنر کے قتل کے الزام میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ اسے 2020 میں موت کی سزا سنائی گئی تھی، اور 2023 میں اس کی آخری اپیل بھی مسترد کر دی گئی تھی۔ وہ اس وقت یمن کے دارالحکومت صنعاء کی ایک جیل میں قید ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ یمنی قانون کے مطابق سزا میں معافی صرف ’خون بہا‘ یعنی مقتول کے اہل خانہ کو مالی معاوضہ ادا کر کے حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ اب تک مطلوبہ فنڈز اور سفارتی دباؤ دونوں ہی ناکافی ہیں۔انہوں نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے فوری سفارتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا:’ہم سب کو، خاص طور پر خواتین کو، آگے آ کر دل کھول کر عطیہ دینا چاہیے تاکہ نمیشا کی جان بچائی جا سکے۔ وقت بہت کم رہ گیا ہے۔‘واضح رہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار اور کئی تنظیمیں بھی نمیشا پریا کے لیے حمایت میں آواز بلند کر رہی ہیں، اور اس وقت بین الاقوامی سطح پر ایک مہم جاری ہے تاکہ خون بہا کی رقم جمع کر کے اسے سزائے موت سے بچایا جا سکے۔
محبوبہ مفتی کی یمن میں سزائے موت کا سامنا کر رہی بھارتی نرس کو بچانے کے لیے وزیر خارجہ سے فوری مداخلت کی اپیل
