عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع انتظامیہ کی جانب سے میڈیکل سپرنینڈنٹ ضلع ہسپتال۔کشتواڑ کو معطل کرنے کو لیکر سنیچر کو ہسپتال عملہ نے دو گھنٹے تک احتجاج کیا اور اس معطلی کے حکمنامے کو فوری طور واپس لینے کا مطالبہ کیا، احتجاج کی وجہ سے ہسپتال کا کام کاج متاثر ہوا اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کو ہسپتال عملے نے ہسپتال کے احاطے میں جمع ہوکر زور دار احتجاج کیا اور جم کرنارے بازی کی۔
احتجاج کررہے عملے نے بتایا کہ اگر فوری طور اس حکمنامے کو واپس نہ لیاگیا تو پورے ہسپتال میں کام کو بند کردیاجاےگا۔ انھوں نے پیر تک حکم نامے کو واپس لینے اور معطل سپرنینڈنٹ کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر اے سی آر کشتواڑ نے احتجاج کررہے عملے کو یقین دہانی کرائی اور انھیں فوری طور واپس کام پر لوٹنے کو کہا جس کے بعد ہسپتال عملے نے قریب دو گھنٹے بعد دوبارہ کام شروع کیا۔ وہیں انتظامیہ کی جانب سے معطل کئے گئے میڈیکل میڈیکل سپرنینڈنٹ ڈاکٹر یودھویر سنگھ کوتوال نے بھی احتجاج کررہے عملے سے خطاب کیا اور انھیں واپس کام پر لوٹنے کو کہا۔
واضح رہے کہ جمعہ کو ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہسپتال دورے دوران میڈیکل سپرنینڈنٹ کو غیر حاضر پایا گیا تھا جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر نے انہیں معطل کر دیا تھا۔ معاملے نے اسوقت طول پکڑا جب ڈائریکٹر ہیلتھ کی جانب سے ایک ہی روز میں میڈیکل سپرنینڈنٹ کو چھٹی دینے و چھٹی کو منسوخ کرنے کے حکمنامے جارے ہوئے تھے۔ حکام نے ان کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔ عوام نے اسکی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے کہ کس طرح سے یہ حکمنامے جاری ہوئے اور ایک افسر کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔