کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گڈر علاقے میں ایک گوشت کی دکان کو اس وقت سیل کردیا گیا جب ایک وائرل ویڈیو میں دکان پر کتے کو گوشت کھاتے ہوئے دکھایا گیا۔
حکام نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گوشت کی اس دکان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم، جس کی قیادت نائب تحصیلدار پہلو اختر نبی کر رہے تھے، نے فوری کاروائی کرتے ہوئے دکان پر چھاپہ مارا اور اسے سیل کردیا۔
نائب تحصیلدار اختر نبی نے دکان کے سربمہر کیے جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ اس معاملے میں قصاب کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ دکان کے مالک کے خلاف مناسب قانونی کاروائی کی جائے گی، جس میں جرمانے، سزائیں یا حتیٰ کہ فوجداری مقدمہ بھی شامل ہوسکتا ہے۔
یہ اطمینان بخش بات ہے کہ حکام نے اس معاملے میں فوری اقدام کیا ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ یہ واقعہ علاقے کے گوشت فروشوں اور دیگر فوڈ اسٹبلشمنٹس کے لئے ایک سبق بنے گا تاکہ وہ فوڈ سیفٹی اور صفائی کو اولین ترجیح دیں۔
کتے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کولگام میں گوشت کی دکان سربمہر
