عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پونچھ پولیس کے نوٹس میں آیا ہے کہ کچھ میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مولانا محمد اقبال ولد پیر بخش ساکن گاؤں بیلہ، تحصیل منڈی، عمر تقریباً 46 سال، کی ہلاکت کے بارے میں بے بنیاد اور گمراہ کن خبریں گردش کر رہی ہیں۔ مرحوم مولانا محمد اقبال، جو مدرسہ ضیاء العلوم، پونچھ شہر میں پاک بھارت سرحدی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوئے، کے بارے میں جھوٹی معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔
پونچھ پولیس اس جھوٹے بیانیے کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔ مرحوم مولانا محمد اقبال ایک معزز مذہبی شخصیت تھے جن کا کسی بھی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ایسے حساس واقعات کی غلط رپورٹنگ نہ صرف غیر ضروری خوف و ہراس پھیلاتی ہے بلکہ مرحوم کی عزت اور ان کے سوگوار خاندان کے جذبات کو بھی مجروح کرتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی خبردار کیا جاتا ہے کہ کوئی بھی میڈیا ادارہ، صحافی یا فرد جو اس قسم کی جعلی خبروں کے پھیلاؤ میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔تمام میڈیا نمائندگان اور اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سیکورٹی اور عوامی نظم و ضبط سے متعلق کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل مستند اور سرکاری ذرائع سے تصدیق کریں۔
مدرسہ ضیا العلوم کے مولانا محمد اقبال کا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں تھا، مرحوم ایک معزز شخصیت تھے : پولیس
