عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا ناساز گار موسمی صورتحال کی وجہ سے 3 روز بعد بدھ کی صبح بحال ہوئی۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی بدھ کو شری ویشنو دیوی یاترا کو بحال کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موسم ناساز گار ہونے کی وجہ سے اس یاترا کو بنا بر احتیاط معطل کر دیا گیا تھا۔
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے ہندوستانی محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ خراب موسمی ایڈوائزری کے پیش نظر، ویشنو دیوی یاترا کو 5 سے 7 اکتوبر 2025 تک معطل کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یاترا 8 اکتوبر سے دوبارہ بحال ہوگی۔
دریں اثنا بورڈ نے گذشتہ شام بتایا کہ تمام یاترا رجسٹریشن کاؤنٹر 8 اکتوبر 2025 صبح 6:00 بجے سے چلائے جائیں گے۔
یاتریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ مزید معلومات کے لیے سرکاری مواصلاتی چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 26 اگست کو ویشنو دیوی راستے پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم 34 یاتری جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ اس سانحے کے بعد یاترا کو یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بند رکھا گیا تھا۔
حکام نے بعد میں18 ستمبر کو اس پوتر یاترا کو دوبارہ بحال کیا تھا اور یاترا بحال ہونے کے ساتھ ہی کٹرہ قصبے میں چہل پہل بڑھ گئی ہے اور دکاندار اور دوسرے کاروباری خوش نظر آ رہے ہیں۔
ناساز گار موسمی حالات کی وجہ سے 3 دن کی معطلی کے بعد ماتا ویشنو دیوی یاترا دوبارہ شروع
