جموں/ جموں و کشمیر میں لگاتار بارشوں کے باعث ماتا ویشنو دیوی یاترا ہفتے کو بھی مسلسل پانچویں روز معطل رہی، جس کے سبب ہزاروں عقیدت مند کٹرا میں ٹھہرنے پر مجبور ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، عقیدت مند ملک کے مختلف حصوں سے کٹرا پہنچے ہیں اور وہ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ جلد ہی یاترا بحال ہوگی تاکہ وہ ماں کے درشن کر سکیں۔
ایک عقیدت مند، پریا نے کہا، ’میں پہلی بار ماں کے درشن کے لیے یہاں آئی ہوں۔ ابھی تک مایوس ہوئی ہوں لیکن مجھے یقین ہے ماں میری سنیں گی۔ میں دو سے چار دن تک یہیں رکوں گی، جب تک درشن نہ کر لوں واپس نہیں جاؤں گی۔‘
اسی طرح ایک اور بھگت، رمیش نے بتایا کہ میں ہر سال ماں کے درشن کے لیے آتا ہوں۔ اس بار حالات کچھ مختلف ہیں، تھوڑی تکلیف ہوئی ہے لیکن جب تک درشن نہ کر لوں واپس نہیں جاؤں گا۔ چاہے جتنے دن رکنا پڑے، رکوں گا۔ میں دعا کرتا ہوں کہ جن لوگوں کی جان گئی ہے، ماں انہیں اپنے چرنوں میں جگہ دے اور زخمیوں کو صحت دے۔
حکام کے مطابق، موسم بہتر ہوتے ہی یاترا کو بحال کرنے کی کوششیں کی جائیں گی، تاہم فی الحال بارش کی شدت کے پیشِ نظر راستے بند ہیں۔