رعناواری میں بھیانک آتشزدگی، تین رہائشی مکانات خاکستر، لاکھوں کی املاک تباہ

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شہر خاص کے گنجان آبادی والے علاقے گر پورہ رعناواری میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب آتشزدگی کے ایک بھیانک واقعے میں تین رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو گئے، جب کہ لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ آگ رات کے وقت ایک رہائشی مکان میں اچانک بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دو دیگر گھروں تک پھیل گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ فائر بریگیڈ عملہ بروقت جائے وقوع پر پہنچا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، تاہم اس دوران تین مکانات مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے۔
مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں سڑکوں اور تنگ گلیوں میں بے ترتیب گاڑیوں کی پارکنگ کے باعث فائر ٹینڈرز کو متاثرہ مقام تک پہنچنے میں سخت دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیاں سڑکوں اور گزرگاہوں پر پارک کرنے سے گریز کریں تاکہ ایمرجنسی صورتِ حال میں امدادی ٹیموں کی بروقت رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ادھر پولیس نے واقعے کے حوالے سے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

Share This Article