عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور عسر سڑک حادثے میں زخمی افراد کی عیادت کی۔
اسی دوران ہسپتال حکام نے لیفٹیننٹ گورنر کو زخمیوں کی حالت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹیم سے ملاقات کی اور اس بات پر زور دیا کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
ایل جی سنہا نے ہسپتال میں مریضوں سے بات چیت کی اور ان کی عیادت کی۔ انہوں ہسپتال میں دستیاب سہولیات کی جانکاری بھی حاصل کی اور مریضوں اور زخمیوں کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔ ایل جی نے افسران کو معیاری اور بروقت علاج سمیت بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
بتا دیں کہ بدھ کے روز ڈوڈہ ضلع کے عسر علاقے میں ڈوڈہ بٹوت شاہراہ پر پیش آئے ایک بس حادثے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ قریب ڈیڑھ درجن مسافر زخمی ہوئے تھے جن میں سے زیادہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں زیر علاج ہیں۔