عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر جمعہ کی صبح یہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) سے ‘رن فار یونٹی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔دوڑ شروع ہونے سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے شرکا کو اتحاد کا حلف دلایا، جس میں اتحاد، سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ملک کے اجتماعی عزم کی تصدیق کی گئی۔
اس تقریب میں طلباء، نوجوانوں اور عہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے تھیم کے تحت منعقدہ اس تقریب میں سول انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے بھی حصہ لیا۔قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر نے راج بھون میں افسروں اور عملے کو اتحاد کا حلف دلایا۔انہوں نے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہاراج بھون کے افسروں اور عملے کو اتحاد کا حلف دلایا اور بھارت کے مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کے 150 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔پوسٹ میں مزید کہا گیاسب سے اپیل کی کہ وہ ایک خود انحصار اور ترقی یافتہ بھارت کے لئے پوری لگن اور دیانتداری سے کام کریں۔
 
								 
			 
		 
		 
		 
		 
		 
		 
		