عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// سرینگر کے گوجوارہ علاقے میں دو سگے بھائیوں کے درمیان جائیداد تنازعے کے دوران چاقو زنی کا واقع پیش آیا ہے، جس دوران ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔
سرینگر پولیس نے بتایا کہ گوجوارہ علاقے میں اتوار کی شام ایک نوجوان نے اپنے بھائی پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس کے بعد اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ زخمی نوجوان کی شناخت بلال احمد گیلانی ولد نور محمد گیلانی کے طور سے ہوئی ہے جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ہلال احمد گیلانی کے طور سے ہوئی ہے، جسے فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سری نگر پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا، “ہلال احمد گیلانی ولد نور محمد گیلانی، کو اپنے بھائی بلال احمد گیلانی پر تیز دھار چیز سے وار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں بھائیوں کے مابین جائیداد کو لے کر تنازع ہے”۔
اُنہوں نے کہا، ” متاثرہ نوجوان شدید زخمی ہے۔ اور ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ نوہٹہ میں آئی پی سی کی دفعہ 307،326،341 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 29/2023 درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔