عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// فوجداری معاملے میں ضمانت پر رہا ایک شخص نے جمعرات کو جموں ریلوے سٹیشن پر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے ایک کانسٹیبل پر ہتھیار چھیننے کی کوشش میں تلوار سے حملہ کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل موہن لال حملے میں زخمی ہو گیا لیکن حملہ آور کو اس کی رائفل چھیننے سے روکنے میں کامیاب رہا۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بدھ کی شام اس وقت پیش آیا جب حملہ آور جہلم ایکسپریس سے اترا اور اہلکار پر حملہ کر دیا۔ ملزم کی شناخت کٹھوعہ کے رہائشی دیویندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جو اس وقت جموں کے نانک نگر علاقے میں رہائش پذیر ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ سنگھ نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کرنے سے پہلے کانسٹیبل کی سروس رائفل چھیننے کی بھی کوشش کی تاہم، ریلوے پولیس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر اسے فوری طور پر پکڑ لیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ سنگھ کئی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس کے خلاف کٹھوعہ میں قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔ وہ صحت کی وجوہات کی بنا پر ضمانت پر رہا تھا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
حکام نے سنگھ کے خلاف ریلوے پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ اس کے ہتھیار چھیننے کی کوشش کے پیچھے مقصد کیا تھا۔