عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جنوبی کشمیر میں ہفتہ کی دیر شام ایک کے بعد ایک ملی ٹینٹ حملے میں سابق سرپنچ کی موت واقع ہو گئی ہے جبکہ ایک خاتون سمیت 2 سیاح زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ینار علاقے میں جنگجوؤں کی فائرنگ سے دو سیاح زخمی ہوگئے ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کشمیر پولیس نے کہا، “ملی ٹینٹوں نے ینار، اننت ناگ میں ایک خاتون فرح سکنہ جے پور اور اس کے شریک حیات تبریز پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق زخمی سیاحوں کی حالت اب تک مستحکم بتائی جاتی ہے۔
اسی طرح کے ایک اور حملے میں جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ملی ٹینٹوں نے سابق سرپنچ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ آج شام کو ملی ٹینٹوں نے سابق سرپنچ پر نزدیک سے فائرنگ کر کے شدید طور پر زخمی کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسے فوری علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اس دوران حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔