عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے ڈول علاقے میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا اور 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ شام 6:30 بجے اس وقت پیش آیا جب ایکو گاڑی (نمبر JK17 7104) کشتواڑ سے چیرجی کی طرف جاتے ہوئے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری، جس میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی افراد، پولیس اور رضاکاروں کی مدد سے فوری طور پر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں پھول سنگھ، نریش کمار، ریتا دیوج، نریندر کمار، رتن لال، بٹو کمار، اور ڈرائیور سنیل کمار شامل ہیں، جو سب چیرجی ڈول کے رہائشی ہیں۔ حادثے میں زخمی کپور سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ضلع ہسپتال کشتواڑ میں جان کی بازی ہار گیا۔
ادھر، پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔