عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ لورن میں جنگلی جانوروں کا قہر مسلسل جاری ہے جس کی وجہ تین روز قبل ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہوا شخص جمعہ کو امرتسر کے امندیپ ہسپتال زندگی کی جنگ ہار گیا وہیں جمعہ کو لورن کے ہی علاقہ مہارکوٹ کی ایک خاتون ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہو گئی ہے جسے علاج و معالجے کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا ہے۔
زخمی خاتون کی شناخت گلزارا بی زوجہ عبدالمجید ساکنہ ناڑیاں مہارکوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔
بتا دیں کہ سات اگست کو لورن کے علاقہ لھڑپا میں 60 سالہ بشیر احمد ولد رحیم اپنے گھر کے نزدیک مکی کے کھیت میں کام کرنے اترا ہی تھا کہ اس پر ریچھ نے حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا تھا جس کے بعد اسے کو ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا تھا جہاں سے اسے ابتدائی علاج کے بعد امن دیپ ہسپتال امرتسر مزید علاج کے لیے لے جایا گیا تھا جہاں وہ جمعہ کو زندگی اور موت کی جنگ ہار گیا۔
واضح رہے کہ موسم گرما میں جنگلی جانور جنگلوں کو چھوڑ کر انسانی بستیوں کا رخ کرتے ہیں جس کی وجہ سے انسانی جانوں کا زیاں ہوتا ہے۔
مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگلی جانوروں کو بستیوں میں آنے سے روکنے میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے انسانی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف کے ملازمین کبھی بھی ڈیوٹی پر نہیں ہوتے ہیں اور نہ ہی عوام کو ان جنگلی جانوروں سے بچانے کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا جہاں جنگلی جانور لوگوں کی فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہیں وہیں آج جنگلی جانورں کی وجہ سے انسانی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے۔
عوام نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں تاکہ انسانی جان و مال کا تحفظ ہو سکے۔