محمد تسکین
بانہال// جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر واقع مکرکوٹ کے علاقے میں پولیس نے ایک کھڑی بلیرو گاڑی سے اس کے مالک کی مشتبہ حالت میں مردہ لاش برآمد کی ہے۔ پولیس نے مشتبہ موت کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایس ایچ او رامسو، نعیم الحق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بلیرو گاڑی زیر نمبر JK19A/7029 مکرکوٹ مارکیٹ میں پارک کی ہوئی تھی اور اس کی پچھلی سیٹ پر اس گاڑی کے مالک اور ڈرائیور، ریاض احمد شیخ ولد مرحوم محمد اقبال شیخ، ساکن چندروگ رام بن کی لاش پائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی بانہال اور رام بن کے درمیان چلتی تھی اور غالباً یہ گاڑی کل رات سے وہاں کھڑی تھی۔
پولیس کے مطابق، کئی گاڑی مالکان نے آج صبح اس گاڑی میں ایک شخص کو پچھلی سیٹ پر سوئے ہوئے دیکھا تھا، تاہم جب شام پانچ بجے دوبارہ اس گاڑی میں سوئے شخص کو دیکھا گیا تو انہیں شک ہوا اور انہوں نے فوراً رامسو پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے گاڑی کی تلاشی لی اور اس سے نہ تو کسی قسم کے کاغذات برآمد ہوئے اور نہ ہی ریاض احمد کا فون ملا۔ گاڑی کے نمبر کے ذریعے پولیس نے اس کے ورثا تک رسائی حاصل کی، جنہوں نے شام کے وقت اس کی شناخت کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر سردی کے باعث ہونے والی موت ہو سکتی ہے، تاہم ضابطہ فوجداری کے مطابق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ قانونی لوازمات کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔