محمد تسکین
بانہال // رام بن پولیس نے 4 ستمبر سے لاپتہ سلیشا دیوی کی گمشدگی کا معاملہ حل کر لیا ہے، جسے اس کے شوہر جیون سنگھ نے دریائے چناب میں دھکیل کر قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق، رام بن پولیس تھانہ میں درج گمشدگی کا مقدمہ قتل کیس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 7 ستمبر 2024 کو سلما دیوی زوجہ مرحوم چوڑ سنگھ، ساکنہ جٹگلی، تحصیل راج گڑھ نے اپنی بہو سلیشا دیوی (35سالہ)، زوجہ جیون سنگھ، ساکنہ جٹگلی، رام بن، کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔
پولیس پوسٹ راج گڑھ میں ڈی ڈی آر نمبر 14 مورخہ 07 ستمبر2024 کے تحت گمشدگی کا مقدمہ درج ہوا تھا۔
ایس ایس پی رام بن کلبیر سنگھ نے معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رام بن کی قیادت میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی، جس نے قانونی ورثاء اور گواہوں کے بیانات قلمبند کیے اور تکنیکی شواہد اکٹھے کیے۔ تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ 4 ستمبر کو ملزم جیون سنگھ نے اپنی بیوی سلیشیا دیوی کو رامبن بازار لے جا کر بچوں کے لیے کپڑے خریدنے کا بہانہ کیا تھا، اور اس روز دونوں کو بازار میں بھی دیکھا گیا تھا۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو چندر کوٹ کے قریب دریائے چناب کے ایک پل سے دھکیل کر قتل کر دیا۔
پولیس نے کیس نمبر 256/2024 کو قتل کے مقدمے میں تبدیل کر دیا ہے اور ملزم جیون سنگھ کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔