عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/آل انڈیا ترنمول کانگریس کی چیئرپرسن اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو سرینگر کے مرکزی علاقے نقشبند میں واقع مزارشہداء جانے سے روکنے پر شدید حیرت اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہداء کی قبروں پر جانے میں آخر کیا غلط ہے؟ اور کہا کہ وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر کو قبرستان جانے سے روکنا نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ یہ ایک شہری کے جمہوری حق کو بھی چھیننے کے مترادف ہے۔ممتا بنرجی نے اس واقعے کو ’’ناقابل قبول‘‘، ’’چونکا دینے والا‘‘اور ’’شرمناک‘‘قرار دیا۔
سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں ممتا بنرجی نے کہا’’شہداء کے قبرستان جانے میں کیا غلط ہے؟ یہ صرف افسوسناک نہیں بلکہ ایک شہری کے جمہوری حق کی توہین ہے۔انہوں نے مزید کہا:منتخب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ آج صبح جو کچھ ہوا وہ ناقابل قبول، چونکا دینے والا اور شرمناک ہے۔
ممتا بنرجی کا عمر عبداللہ کے مزارِ شہداء جانے سے روکنے پر شدید ردعمل،کہا شرمناک، ناقابل قبول اور چونکا دینے والا اقدام
