سرینگر// منشیات کی سمگلنگ کے خلاف ایک اہم کاروائی میں سرینگر پولیس نے ایک بڑے منشیات کے کنسائنمنٹ کو پکڑ لیا، دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا اور 8 کلو ہیروئن برآمد کی۔
پولیس پوسٹ قمر واری کی ایک ٹیم نے بارثانہ کراسنگ پر چیک پوسٹ کے دوران ایک گاڑی (ٹاٹا سومو، زیر رجسٹریشن نمبر JK05D-1837) کو روکا، جس میں دو افراد سوار تھے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گاڑی کی مکمل تلاشی کے دوران، ڈرائیور کی سیٹ کے نیچے چھپائی گئی 6 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔
اس کے علاوہ، ذاتی تلاشی کے دوران دونوں ملزمان سے 2 کلو منشیات برآمد کی گئیں، دونوں نے پلاسٹک بیگ میں چھپائی ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت انیس اعجاز اعوان ولد اعجاز احمد اعوان ساکن دلدار ٹنگڈار کپواڑہ اور زاہد احمد شیخ، ابن نذیر احمد شیخ ساکن چھانہ پورہ ٹنگڈار، کپواڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔
منشیات اور جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی کو ثبوت کے طور پر قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کک پولیس تھانہ پارم پورہ میں اس سلسلے میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 03/2025 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ برآمد شدہ منشیات پاکستان سے سمگل کی گئی تھی اور یہ ایک بین الاقوامی منشیات کے سمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھیں۔
جموں و کشمیر پولیس اس نیٹ ورک کو ختم کرنے اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تمام افراد کی شناخت کرنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہی ہے۔