یو این آئی
کپواڑہ// شمالی ضلع کپواڑہ کے پوشواری مژھل میں سیکورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔
ایس ایس پی کپواڑہ یوگل منہاس نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور فوج نے مشترکہ طورپر پوشواری مژھل سیکٹر میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران ایک گھپا میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے چھپائے گئے اسلحہ وگولہ بارود کا پتہ چلا۔
انہوں نے کہاکہ تلاشی کے دوران گھپا سے ایک اے کے رائفل، چار میگزین، دو عدد یو بی جی ایل گرینیڈ لانچر ، دو ہینڈ گرینیڈ، دو یو بی جی ایل گرینیڈ، 2088اے کے گولیوں کے راونڈ، ایک سالنسر، نو سو گرام پی ای کے، 27ڈٹونیٹر، 19کمرشل ڈٹونیٹرس، دو عدد بوسٹر چارج، چار بیٹریز کے ساتھ ساتھ دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد ہوا ہے۔
ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں۔