اشتیاق ملک
ڈوڈہ // منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے آج ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ضلع کے قصبہ ڈوڈہ کے صادق آباد علاقے کی بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش شکیلہ بیگم المعروف “تایہ” زوجہ فاروق احمد کی 45 لاکھ 32 ہزار روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ضبط شدہ اثاثے میں دو منزلہ رہائشی مکان شامل ہے جو مبینہ طور پر منشیات کی تجارت کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا۔ ملزمہ کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ (این ڈی پی ایس ایکٹ) کے تحت چار الگ الگ مقدمات درج ہیں اور وہ اس وقت بھدرواہ جیل میں عدالتی حراست میں ہے۔یہ کارروائی ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی نگرانی میں ایس ایچ او انسپکٹر پرویز کھانڈے اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز اجے آنند نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی موجودگی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت انجام دی۔ایس ایس پی ڈوڈہ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کی حکمت عملی صرف گرفتاریوں تک محدود نہیں بلکہ منشیات فروشوں کے غیر قانونی طور پر کمائے گئے اثاثوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ان کے مالی نیٹ ورک کو توڑا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈوڈہ پولیس منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث ہر شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور ایسے عناصر کی سرگرمیوں کے بارے میں پولیس کو بروقت اطلاع دیں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔