عظمیٰ ویب ڈیسک
مہور/ ملائی نالہ، ریاسی۔ارناس۔مہور (رام روڈ) پر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایک مال بردار گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ایک مال بردار گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرJK20B 9578 مہور کی طرف جا رہی تھی کہ رات گئے تقریباً 2 سے 3 بجے کے درمیان اچانک لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی۔
ڈرائیور کی شناخت شہباز احمد ولد بشیر احمد ساکن جملان، مہور کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے فوری طور پر سی ایچ سی مہور پہنچایا گیا، جہاں سے ریاسی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے پہنچتے ہی مردہ قرار دے دیا۔
حادثے میں دو دیگر افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت جاوید ولد محمد حسین ساکن کنسولی، مہور اورعبدالغنی کے طور پر کی گئی ہے۔ جاوید کو سی ایچ سی مہور منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ـ