عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر آغا سید روح اللہ مہدی نے نیشنل کانفرنس کے امیدوار آغا سید محمود کے اُس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے، جس میں محمود نے کہا تھا کہ روح اللہ بڈگام اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔سماجی رابطہ گاہ ’ایکس ‘پر ایک پوسٹ میں آغا روح اللہ نے کہا کہ اُن کی وفاداری کسی مسلط کردہ بیانیے سے نہیں بلکہ اُن کے ضمیر اور اصولوں سے وابستہ ہے۔انہوں نے لکھا’میری وفاداری میرے ضمیر اور اصولوں کے ساتھ ہے۔‘‘
انہوں نے اپنے بزرگوں کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے اُن سے اپیل کی کہ اُن کی سیاسی جدوجہد کو کم تر نہ سمجھیں اور اُن کے مؤقف کو غلط انداز میں پیش نہ کریں۔آغا روح اللہ نے کہا’’میں اپنے خاندان کے بزرگوں کا احترام کرتا ہوں، لیکن اُن سے درخواست کرتا ہوں کہ میری جدوجہد کو کمتر نہ سمجھیں۔ اگر وہ اسے سمجھ نہیں سکتے یا اس کا حصہ نہیں بن سکتے تو کم از کم مجھے اور میری جدوجہد کو اس سطح تک نہ گھسیٹیں‘‘۔یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب آغا سید محمود، جو بڈگام سے نیشنل کانفرنس کے امیدوار ہیں، نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آغا روح اللہ ضمنی انتخاب میں پارٹی کے لیے مہم چلائیں گے ۔
’میری وفاداری میرے ضمیر اور اصولوں کیساتھ ‘: آغا روح اللہ کا آغا محمود کے بیان پر ردعمل
