عظمیٰ ویب ڈیسک
ہوشیار پور//جالندھر-جموں ریلوے ٹریک پر ایک کم شدت کے دھماکے میں گیٹ مین زخمی ہوگیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جالندھر-جموں ریلوے ٹریک پر گیٹ نمبر 71 کے قریب ایک کم شدت کا دھماکہ ہوا جس سے گیٹ مین زخمی ہوا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے فوراً بعد جالندھر-جموں ریل سیکشن پر ٹریفک معطل ہو گئی۔
ایک اعلیٰ پولیس اہلکار نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ملکی ساختہ کریکر تھا جو جنگلی جانوروں، خاص طور پر جنگلی سوروں کو فصلوں کو بچانے کے لیے کھیتوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔
اس واقعہ میں، یوپی کا رہائشی سونو کمار نامی گیٹ مین زخمی ہوا ہے، جو اس وقت کھڈہ گاوں میں ریلوے کوارٹرز میں تعینات ہے، اسے معمولی چوٹیں آئیں اور اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
جی آر پی جالندھر کے ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب گاوں پلاچک کے قریب گیٹ نمبر 71 پر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی پر موجود گیٹ مین نے نادانستہ طور پر فصلوں کو جنگلی جانوروں سے بچانے کے لیے استعمال ہونے والے کریکر پر قدم رکھ دیا، جس سے دھماکہ ہوا۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ زخمی کی حالت مستحکم ہے۔
دھماکے کی نوعیت کی تحقیقات کے لیے فرانزک ٹیم اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی خدمات طلب کر لی گئی ہیں۔ تمام علاقوں کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔