عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/فرض شناسی اور ذاتی وابستگی کی ایک شاندار مثال پیش کرتے ہوئے، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے پلوامہ حملے میں جاں بحق ہونے والے سی آر پی ایف اہلکارکی بیٹی رینا مینا کی شادی کی رسومات میں شرکت کی، یہ وہ وعدہ تھا جو انہوں نے چھ سال قبل مہلوک کے سوگوار خاندان سے کیا تھا۔
کوٹہ کے سانگوڑ میں ہیمرج مینا کے گھر کا آنگن خوشیوں اور جذبات سے گونج اٹھا، جب ان کی بیٹی رینا کی شادی کے موقع پر برسوں بعد پہلی بار گھر میں خوشی کا موقع آیا۔ اس موقع پر اوم برلا ایک سیاسی رہنما کے طور پر نہیں بلکہ اہلکار کی اہلیہ ویرا نگری مادھوبالا کے ’’راکھی بھائی‘‘کے طور پر شریک ہوئے۔
راجستھانی ثقافت میں روایت کے مطابق، اوم برلا’’میرا‘‘لے کر پہنچے جو بھائی کی جانب سے بہن کی بیٹی کی شادی پر تحفہ ہوتا ہے۔ یہ وہ وعدہ تھا جو انہوں نے 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد خاندان کے سب سے مشکل وقت میں کیا تھا۔ جذبات سے بھرپور اس لمحے میں ویرا نگری مادھوبالا نے ان کا تلک اور آرتی سے استقبال کیا، اور برلا نے ان کے کندھوں پر چُنری اوڑھا کر بہن بھائی کے رشتے اور یکجہتی کی علامت پیش کی۔ یہ منظر وہاں موجود تمام لوگوں کے دلوں کو چھو گیا۔
گزشتہ چھ برسوں میں، اسپیکر برلا مینا خاندان کے لیے ایک مضبوط سہارا بنے رہے۔ راکھی بندھن اور بھائی دوج جیسے تہواروں پر وہ مستقل خاندان سے ملتے رہے، جہاں مادھوبالا انہیں راکھی باندھتی ہیں یہ رشتہ قربانی، عزت اور صبر سے جُڑا ہوا ہے۔
اِس موقعہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اوم برلا نے مہلوک ہیمرج مینا کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا، ان کی بہادری اور حب الوطنی ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہونا محض ایک اخلاقی فریضہ نہیں بلکہ ایک جذباتی ذمے داری ہے جسے میں فخر کے ساتھ نبھا رہا ہوں۔رینا مینا کی شادی نہ صرف ایک خاندانی تقریب بلکہ پوری برادری کے لیے غم، صبر اور قومی قربانی کی مشترکہ یاد بن گئی۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے وعدہ وفا کیا، پلوامہ حملے میں مارے جانے والے سی آر پی ایف اہلکارکی بیٹی کی شادی تقریب میں شریک ہوئے
