عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بہار میں ووٹر اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے عمل کو واپس لینے کے مطالبے کو لے کر لوک سبھا میں اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان کی کارروائی جمعرات کو دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
مانسون اجلاس کے مسلسل چوتھے دن اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا میں وقفہ صفر نہیں چل سکا۔ پیر کو شروع ہونے والے اس سیشن کے پہلے تین دنوں تک آپریشن سندور پر بحث اور بہار میں جاری ایس آئی آر کے عمل کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان میں کوئی کام نہیں ہو سکا تھا۔
جیسے ہی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے آج صبح 11 بجے سوالیہ وقفہ شروع کیا، کانگریس، سماج وادی پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے بہار میں جاری ایس آئی آر کے عمل کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ شروع کردیا۔ کچھ اپوزیشن ارکان نے پلے کارڈز بھی لہرا رہے تھے جن پر ایس آئی آر کی مخالفت اور اسے واپس لینے کے مطالبات درج تھے۔ کئی ارکان ایوان کے وسط میں بھی آ گئے اور نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کی۔
ہنگامہ آرائی کے درمیان برلا نے وقفہ سوال شروع کرایا اور وزیر پٹرولیم ہردیپ پوری نے ایک سوال کا جواب بھی دینا شروع کیا لیکن شور شرابے کی وجہ سے کچھ سنائی نہیں دیا۔اس پر برلا نے ہنگامہ کرنے والے ارکان سے درخواست کی کہ وہ اپنی اپنی نشستوں پر جائیں اور ایوان کی کارروائی کو چلنے دیں۔
انہوں نے کہا کہ وقفہ سوال بہت اہم ہوتاہے،عوام کو اراکین سے توقعات وابستہ ہیں،عوام اراکین کو منتخب کرکے اپنے مطالبات اور مسائل اٹھانے کے لیے یہاں بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد ارکان کو یہاں اپنے سوالات پوچھنے کا موقع ملتا ہے، ایوان کی کارروائی جاری رہنے دیں اور وقفہ سوال کے بعد اپنے مسائل یہاں رکھیں، ان پر قواعد کے مطابق بحث ہوگی۔
کانگریس کے رکن کے سی وینوگوپال کا نام لیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ انہیں اپنی پارٹی کے ارکان کو یہ سمجھانا چاہئے کہ ان کی پارٹی کے ارکان کا یہ طرز عمل ایوان کے وقار کے مطابق نہیں ہے۔ ان کی اتنی پرانی پارٹی ہے، اس کے ارکان اس ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے میں مدد کرتے رہے ہیں۔ اب ان کی پارٹی کے ارکان کا یہ رویہ دیکھ کر عوام کیا کہتی ہوگی؟
انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ اپیل کرتے ہیں کہ ارکان اپنے اپنے مقامات پر جائیں اور ایوان کی کارروائی کو چلنے دیں۔جو ہنگامہ کررہے اپوزیشن پارٹی کے ارکان پر مسٹر برلا کی اپیل کا کوئی اثر نہیں ہوا تو مسٹر برلا نے ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کر دی۔
اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی
