عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کو کہا کہ پہلگام میں ہونے والے حملے میں ایک مقامی گھوڑا بان اس وقت جاں بحق ہوا جب وہ سیاحوں کی جان بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ اس حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ “ہم ان افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں جو اس حملے میں جاں بحق یا زخمی ہوئے۔ ہمارے پاس مختلف علاقوں سے مہمان آئے تھے جو چھٹیاں منانے آئے تھے، مگر افسوس وہ تابوتوں میں واپس لوٹے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح، ایک مقامی گھوڑا بان سید عدل،اپنی روزی کمانے کے لیے نکلا تھا۔ “وہ کام پر گیا تھا لیکن تابوت میں واپس آیا ـ
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عدل نے حملے کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان گنوا دی۔ عدل نے سیاحوں کی جان بچانے کی کوشش کی اور ملی ٹینٹوں سے رائفل چھیننے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے اسے نشانہ بنایا گیا اور وہ شہید ہوگیا ـ
وزیر اعلیٰ نے کہا ہمیں اس خاندان کا خیال رکھنا ہوگا۔ میں لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور جو کچھ ممکن ہو سکا، ہم ان کے لیے کریں گےـ
وزیر اعلیٰ نے پہلگام میں عدل کے جنازے میں سینکڑوں افراد کے ساتھ شرکت کی۔
مقامی گھوڑا بان نے سیاحوں کی جان بچاتے ہوئے نچھاور کی اپنی.جان: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
