سرینگر// لیگل میٹرولوجی محکمہ جموں و کشمیر نے ایک بڑی کاروائی کرتے ہوئے وادی کشمیر میں 30 غیر قانونی پٹرول پمپوں کو سیل کر دیا ہے، جو لیگل میٹرلوجی ایکٹ 2009 کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ یہ کارروائی صارفین کے مفادات کے تحفظ اور قانونی ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے انجام دی گئی۔
کنٹرولر لیگل میٹرولوجی، انورادھا گپتا کی نگرانی میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے سات اضلاع، بشمول بڈگام، بانڈی پورہ، بارہمولہ، پلوامہ، شوپیاں، سرینگر اور اننت ناگ میں بیک وقت کارروائیاں کیں۔ ان پمپوں کو غیر قانونی طور پر چلانے، غیر تصدیق شدہ نوزلز استعمال کرنے اور پیمائش کے آلات میں ردوبدل کرنے پر سیل کیا گیا۔
محکمہ نے پایا کہ یہ پٹرول پمپ نہ تو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور نہ ہی پیٹرولیم اینڈ سیفٹی آرگنائزیشن سے کوئی اجازت نامہ رکھتے ہیں۔ ان کے نوزلز محکمہ لیگل میٹرولوجی سے تصدیق شدہ نہیں تھے، جس کی وجہ سے صارفین کو فراہم کیے جانے والے پٹرول یا ڈیزل کی مقدار کی ضمانت نہیں دی جا سکتی تھی۔
محکمہ نے متعلقہ مالکان کے خلاف قانونی مقدمات درج کر لیے ہیں اور قانونی کارروائی شروع کی جا چکی ہے۔
کنٹرولر لیگل میٹالوجی کے جاری کردہ حکم نامے میں بتایا گیا کہ یہ پمپ نہ صرف صارفین کے مفادات کے خلاف ہیں بلکہ عوامی حفاظت کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں کیونکہ یہ بغیر کسی حفاظتی معیار کے کام کر رہے تھے۔
انورادھا گپتا نے کہا کہ لیگل میٹرولوجی ایسی کارروائیاں جاری رکھے گا تاکہ مستقبل میں خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف مجاز پٹرول پمپو سے ایندھن حاصل کریں اور کسی بھی شکایت کی اطلاع فوری طور پر محکمہ کو دیں۔
محکمہ نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی غیر قانونی یا کم ایندھن کی ترسیل کی شکایت متعلقہ حکام کو کریں تاکہ شفافیت اور محفوظ ایندھن کی تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔
وادی میں لیگل میٹرولوجی کی بڑی کارروائی، 30 غیر قانونی پٹرول پمپ سربمہر
