عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو دسویں محرم الحرام کے موقع پر سرینگر میں نکالے گئے عاشورہ جلوس میں شرکت کی۔ انہوں نے امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بوٹہ کدل علاقے میں عزاداروں کے ہمراہ جلوس میں پیدل شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ ڈویژنل کمشنر کشمیر وی کے بدھوری، انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر وی کے بردی، ایس ایس پی سرینگر اور دیگر اعلیٰ سول و پولیس افسران بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ عاشورہ یعنی دسویں محرم اسلامی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے، بالخصوص شیعہ مسلم برادری اس دن کو امام حسین علیہ السلام اور اُن کے جانثار ساتھیوں کی میدانِ کربلا میں دی گئی لازوال قربانی کی یاد میں مناتی ہے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے، جب کہ میڈیکل اور ٹریفک سہولیات کو بھی فعال رکھا گیا تاکہ جلوس پُرامن اور باوقار انداز میں اختتام پذیر ہو۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے 8 محرم کو بھی انتظامیہ نے تاریخی جلوس کی اجازت دی تھی جو گرو بازار سے ڈلگیٹ تک نکالا گیا۔ اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شیعہ برادری کے کئی اہم مذہبی رہنماؤں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سری نگر میں عاشورہ جلوس میں شرکت
