عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ان خاندانوں کے مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا جن کے پیارے ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں بے دردی سے قتل کیے گئے تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ ان مقدمات کو دوبارہ کھولیں جنہیں جان بوجھ کر دبا دیا گیا تھا، ایف آئی آر درج کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کے قریبی رشتہ داروں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ ملی ٹینٹوں یا ان کے ہمدردوں کی جانب سے ہتھیائی گئی جائیدادوں اور زمینوں کو فوری طور پر واگزار کرایا جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے افسران کو حکم دیا کہ وہ ملی ٹینسی کے نظام سے وابستہ ایسے عناصر کی شناخت کریں جو عام کشمیریوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں اور آج سرکاری محکموں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو متاثرہ خاندان خود روزگار کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ان کو ’’مدرا اسکیم‘‘کے تحت مالی مدد اور رہنمائی فراہم کی جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اعلان کیا کہ ایل جی سیکریٹریٹ میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے گا تاکہ ملی ٹینسی کے متاثرہ خاندانوں کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو اپنے دفتر میں بھی ایسا ہی سیل قائم کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ ایک ٹول فری نمبر بھی جاری کیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندان فوری مدد حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہاملی ٹینسی سے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی اور دہائیوں سے آزاد گھومنے والے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اِس اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف سیکریٹری اتل ڈولو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری جل شکتی شالین کابرا، ڈی جی پی نیلن پربھات، اسپیشل ڈی جی پی (کوارڈی نیشن) ایس جے ایم گیلانی، پرنسپل سیکریٹری ہوم چندرکر بھارتی، پرنسپل سیکریٹری فنانس سنتوش ڈی ویدیا، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار، پرنسپل سیکریٹری لیفٹیننٹ گورنر اور سی ای او ایس اے ایس بی ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، آئی جی پی کشمیر وی کے بردی، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، ڈویژنل کمشنر کشمیر بدھوری، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، ایم ڈی و سی ای او جے کے بینک امیتابھا چٹرجی، ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور پولیس و سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ، ملی ٹینسی متاثرہ خاندانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال
