عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو سرینگر میں ترنگا یاترا کے دوران اپنے خطاب میں سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کی جراتمندانہ کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پہلگام میں معصوم شہریوں کے قتل کا بدلہ فورسز نے پوری شدت سے لیا ہے، جو ملک کی سلامتی کے عزم کی عکاسی ہے۔
ایل جی سنہا نے کہا کہ قوم کی آزادی اور سلامتی کے لیے جان قربان کرنے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں ان سبھی شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے سامراجی غلامی سے نجات دلانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، اور مسلح افواج و پولیس کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے پہلگام حملے کا بدلہ لیا اور ملک کو محفوظ بنایا۔ ہمارا فرض ہے کہ ان کے خوابوں اور امیدوں کی حفاظت کریں۔
انہوں نے کہا:’ گزشتہ پانچ برسوں میں ترنگا یاترا کا جوش و خروش مزید بڑھا ہے اور اس کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ یہ وِکست بھارت کے وژن سے جڑی ہوئی ہے۔‘ایل جی سنہا کے مطابق، 2 اگست سے شروع ہونے والی ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کا جوش قابلِ دید رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے یہ عہد کیا ہے کہ ترنگے کے لیے زندہ رہیں گے اور اس کی عزت کے لیے جان بھی قربان کرنے میں دریغ نہیں کریں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔