عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر /جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں سرگرم جعلی صحافیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور صرف مستند اور حقیقی میڈیا پیشہ وروں کو ہی سرکاری محکموں کے ساتھ تسلیم کیا جائے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، سرینگر میں گزشتہ روز لیفٹیننٹ گورنر کی زیرِ صدارت ہونے والی اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں ’’جعلی صحافیوں‘‘کا معاملہ تفصیل سے زیرِ بحث آیا۔ یہ مسئلہ حال ہی میں ختم ہونے والے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خزاں اجلاس میں بھی اٹھایا گیا تھا، جس پر انتظامیہ نے گہری تشویش ظاہر کی۔
میٹنگ میں شریک ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ایل جی نے واضح طور پر کہا کہ جو لوگ صحافت کے نام پر غلط کام کر رہے ہیں، انہیں قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ ایسے عناصر کی شناخت کر کے انہیں سسٹم سے باہر کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی ہدایت دی کہ ہر ضلع میں تسلیم شدہ اور فعال صحافیوں کا تصدیق شدہ ڈیٹا بیس تیار کیا جائے۔ سرکاری محکموں کو کہا گیا ہے کہ وہ صرف انہی میڈیا نمائندوں کو ترجیح دیں جن کے کاغذات محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ سے باقاعدہ تصدیق شدہ ہوں۔
مزید برآں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ فیس بک پیجز، آن لائن نیوز پورٹلز یا سوشل میڈیا پر صحافت کے نام سے کام کرنے والے افراد یا گروپس کو لازمی طور پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ سے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو اپنے مواد کے لیے جواب دہ بنایا جائے اور انہیں میڈیا کے ضوابط و اخلاقیات کے اندر رہ کر کام کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق، اس اقدام کا مقصد ان بڑھتی ہوئی شکایات کا ازالہ کرنا ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ کچھ لوگ جعلی میڈیا کارڈز یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غلط استعمال کر کے سرکاری اہلکاروں کو ڈرانے یا ذاتی مفاد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسمبلی کے کئی اراکین نے بھی اس رجحان پر تشویش ظاہر کی تھی اور حکومت سے روک تھام کے لیے مؤثر نظام کا مطالبہ کیا تھا۔
ایک سینئر افسر نے کہاحکومت ان حقیقی صحافیوں کی قدر کرتی ہے جو دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ رپورٹنگ کرتے ہیں، لیکن جو لوگ اس پیشے کو بدنام کر رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (DIPR) جموں و کشمیر نے کشمیر کے تمام ضلعی اطلاعاتی افسران کو ہدایت دی تھی کہ وہ جعلی صحافیوں کے خلاف نگرانی کو مزید سخت کریں۔
ایل جی منوج سنہا کا جعلی صحافیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم، آن لائن میڈیا پلیٹ فارمز کی لازمی رجسٹریشن اور احتساب کی ہدایت