عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز راجوری کے نوشہرہ سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے نوشہرہ میں اگلی چوکیوں اور سیکورٹی تنصیبات کا معائنہ کیا اور وہاں تعینات افواج کے حوصلے، پیشہ ورانہ تیاریوں اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی خدمات کو قوم کی سلامتی کی ضامن قرار دیا اور ان کے بلند حوصلے اور فرض شناسی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
منوج سنہا نے افواج کے اعلیٰ افسران سے بات کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی کے مجموعی حالات، دراندازی کی کوششوں، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز اور عوام کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی مستعدی اور قربانیوں کی بدولت ہی جموں و کشمیر میں امن کا ماحول قائم ہو رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان سپاہیوں کے ساتھ کھلے ماحول میں تبادلہ خیال کیا اور ان کے مسائل، ضروریات اور فلاحی اقدامات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ان کے تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرے گی۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا، ’سرحدی علاقوں میں تعینات ہمارے فوجی جوان حقیقی معنوں میں قومی محافظ ہیں۔ ان کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ‘
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا
