عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی سے متاثرہ خاندانوں کو ادارہ جاتی مدد فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ان کے لیے مخصوص ویب پورٹل کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ اقدام متاثرہ خاندانوں کو ریلیف، ہمدردانہ تقرریوں، اور دیگر معاونت جلد اور شفاف طریقے سے فراہم کرنے کے عمل کو مؤثر بنائے گا۔
یہ ویب پورٹل، جو محکمہ داخلہ نے NIC کے اشتراک سے تیار کیا ہے، ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو ضلع وار دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کا مکمل ڈیٹا ریکارڈ کرے گا۔ اس میں متاثرین یا ان کے لواحقین کی جائیداد پر کسی بھی غیر قانونی قبضے کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔
یہ پورٹل اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کوئی بھی جائز کیس نظرانداز نہ ہو اور مستحق خاندانوں کو مالی امداد، ایکس گریشیا معاوضہ، اور ہمدردانہ ملازمت بر وقت فراہم کی جائے، جبکہ جعلی یا ایک سے زائد دعوؤں کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر خود ذاتی طور پر تمام معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
جموں (0191-2478995) اور کشمیر (0194-2487777) میں صوبائی کمیشنرز کے دفاتر میں ٹول فری ہیلپ لائن نمبرز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ نظرانداز یا زیر التوا دعووں کی رجسٹریشن کو آسان بنایا جا سکے۔
یہ ہیلپ لائنز مخصوص کنٹرول رومز سے منسلک ہیں جو عوام کی شکایات اور استفسارات کو وصول کرنے کے لیے قائم کیے گئے ہیں، جن کا تعلق معاوضے، ایکس گریشیا امداد اور ہمدردانہ تقرریوں سے ہے۔ ان ہیلپ لائنز پر تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے اور ان کو مرکزی درخواست نظام سے جوڑا گیا ہے تاکہ ہر شکایت کو باقاعدہ طور پر ریکارڈ کیا جائے اور اس پر فوری کارروائی کی جائے۔شکایات اور زیر التوا دعوؤں کی باقاعدہ نگرانی، ہم آہنگی، اور فالو اپ کے لیے چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل پولیس کے دفاتر میں خصوصی مانیٹرنگ سیلز بھی قائم کیے گئے ہیں۔یہ سیلز زیر التوا اور حل شدہ کیسز کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں گے، تاخیر یا رکاوٹوں کی وجوہات کا تجزیہ کریں گے، اور متعلقہ محکموں سے رابطہ کر کے بروقت اور منصفانہ حل کو یقینی بنائیں گے۔
افتتاحی تقریب میں چیف سیکریٹری اتل ڈلو، ڈی جی پی نلین پربھات، پرنسپل سیکریٹری داخلہ چندرکر بھارتی، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، جی اے ڈی کے کمشنر سیکریٹری ایم راجو، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، آئی جی پی کشمیر وی کے بردی، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، اور NIC کے SIO سردار جسکرن سنگھ مودی نے ذاتی اور ورچوئل طور پر شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ملی ٹینسی سے متاثرہ خاندانوں کیلئےمخصوص ویب پورٹل کا افتتاح کیا
