عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے لیے ایک انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ 20 کروڑ روپیوں کی مالیت کے سی سی ٹی وی سرویلنس سسٹم کا افتتاح کیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا: ‘سیکورٹی فورسز نے یاترا کے پورے راستے کا مشترکہ طور پر جائزہ لیا اور پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی تجاویز کی بنیاد پر 20 کروڑ روپیے کی لاگت سے ایک انٹیگریٹڈ کنٹرول اور کمانڈ سسٹم قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہااس میں کئی فیچرز ہیں جن سے یاتریوں کا تحفظ اور ان کی سہولیات یقینی بن جائیں گی۔ان کا مزید کہنا تھامجھے لگتا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے شرائن بورڈ سے ایک اچھا کام کرایا ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ اس جدید ٹیکنالوجی سے بر وقت نگرانی اور ہجوم کا نظم و نسق اور یاتریوں کا تحفظ یقینی بن جائے گی اور اس سے کسی پریشانی سے پاک یاترا بھی یقینی بن جائے گی۔
واضح رہے کہ امسال شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔38 دنوں پر محیط اس یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
مرکزی وزارت داخلہ نے اس سال یاترا کے لیے 580 نیم فوجی کمپنیوں پر مشتمل تقریباً 42,000 اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے 424 کمپنیاں جموں و کشمیر روانہ کی جا رہی ہیں، جب کہ باقی یونٹس، جن میں وہ 80 کمپنیاں بھی شامل ہیں جو ’آپریشن سندور‘ کے دوران پہلے ہی یو ٹی میں تعینات تھیں، کو یاترا کے راستے، سری نگر سمیت حساس علاقوں میں دوبارہ تعینات کیا جائے گا۔
منوج سنہا نے شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے لئے سی سی ٹی وی سرویلنس سسٹم کا افتتاح کیا
