عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹھوعہ ضلع میں پیش آنے والے ایک المناک آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، “کٹھوعہ میں افسوسناک آتشزدگی کے باعث جانوں کے ضیاع پر انتہائی غمزدہ ہوں۔ میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں”۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، واقعے میں ایک سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ان کے تین سالہ پوتے سمیت چھ افراد دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ یہ المناک واقعہ بدھ کی صبح ان کے کرائے کے مکان میں پیش آیا۔
آتشزدگی کے واقعے میں زخمی ہونے والے چار افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔