منوج سنہا کی میلہ کھیر بھوانی کے متبرک موقع پر لوگوں کو مبارک باد

File Photo

یو این آئی

سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے میلہ کھیر بھوانی کے متبرک موقع پر لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔
بتادیں کہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقہ میں واقع مشہور ماتا کھیر بھوانی مندر میں آج یعنی اتوار کو سالانہ ’میلہ کھیر بھوانی’ مذہبی تزک و احتشام سے منایا جا رہا ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا: ‘جیشتا اشٹمی کے مقدس موقع پر تمام لوگوں بالخصوص کشمیری پنڈت برادری کے بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں’۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ‘میں دعا گو ہوں کہ ماتا کھیر بھوانی کا آشیر واد ہمیں مسلسل نیکی کی راہ پر گامزن کرتا رہے اور ہم پر ان کی رحمتیں آنے والے برسوں میں بھی برستی رہیں’۔
قابل ذکر ہے کہ تولہ مولہ میں واقع کھیربھوانی کشمیری پنڈتوں کی ایک مقدس جگہ ہے جہاں پر رگنیادیوی جو اِن کی ایک مقدس دیوی ہیں، کا مندر ہے۔ کشمیری پنڈتوں کے مطابق رگنیا دیوی صرف کشمیر میں پوجی جاتی ہے۔ اس مندر میں کشمیری پنڈت ’میلہ کھیر بھوانی‘ کے نام سے مشہور تہوار ہر سال مناتے ہیں۔ میلہ کھیر بھوانی کو کشمیری پنڈتوں کا سب سے بڑا اور اہم تہوار مانا جاتا ہے۔