شوپیاں میں لشکر طیبہ کا ہائبرڈ جنگجو گرفتار، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

File Photo

شوپیاں// پولیس نے جمعرات کی شام دیر گئے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں لشکر طیبہ کے ایک ہائبرڈ جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس تھانہ زین پورہ کے دائرہ اختیار میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص معلومات کی بنیاد پر، شوپیان پولیس نے فوج کی 44آر آر اور سی آر پی ایف کی 178ویں بٹالین کے ساتھ گشت کے دوران ایک ہائبرڈ جنگجو کو گرفتار کیا جو ہیفکھوری مالڈیرہ میں مشتبہ حالات میں گھوم رہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ہائبرڈ جنگجو کی شناخت یاور احمد پڈر ولد علی محمد پڈر ساکن ہیف زین پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ اُس کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک پستول کے ساتھ پستول میگزین اور 9 ایم ایم کیلیبر کے 12 زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار ہائبرڈ عسکریت پسند کالعدم عسکریت پسند تنظیم ایل ای ٹی سے وابستہ ہے۔
پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی آر نمبر 127/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ زین پورہ میں درج کی گئی ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔