عظمیٰ ویب ڈیسک
لیہہ /لیہہ ایپکس باڈی (LAB) نے 18 اکتوبر کو پورے لداخ میں دو گھنٹے کا خاموش مارچ اور تین گھنٹے کا بلیک آؤٹ منانے کا اعلان کیا ہے، تاکہ گزشتہ ماہ کے پُرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔
باڈی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پُرامن مظاہرہ گرفتار نوجوانوں کی رہائی میں تاخیر کے خلاف احتجاج کے طور پر بھی کیا جا رہا ہے۔
منگل کے روز لیہہ ایپکس باڈی (LAB) اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس (KDA) نے ریاستی درجے اور چھٹے شیڈول کے تحت تحفظات کے مطالبے کے حق میں نئے احتجاجات کا اعلان کیا، اور نئی دہلی کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے اپنی شرائط بشمول گزشتہ ماہ کے تشدد کی عدالتی تحقیقات کو دہرایا۔
بیان کے مطابق، ہنگامی اجلاس کے بعد LAB نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 اکتوبر کو صبح 11 بجے نامگیال چوک سے شانتیستوپا تک دو گھنٹے کا خاموش مارچ اور شام 6 بجے سے تین گھنٹے کا بلیک آؤٹ کیا جائے گا، تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ لداخ پُرامن اور متحد ہے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ اسی طرز کے احتجاجات کرگل اور لداخ کے مختلف بلاک سطح پر بھی ہوں گے۔ مارچ کے دوران کوئی بینر، نعرے یا تقاریر نہیں ہوں گی، جبکہ شرکاء سیاہ پٹیاں باندھ کر مزاحمت، غم و غصے اور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
لیہہ ایپکس باڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ تین ماہ تک شادی یا دیگر تقریبات میں موسیقی یا روایتی ساز جیسے ”دمان“ اور ”سرنا“ کے استعمال سے گریز کریں ـ
لیہہ ایپکس باڈی کا18اکتوبر کو لداخ میں خاموش مارچ اور بلیک آوٹ کرنے کا اعلان
