عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/احمد آباد ہوائی اڈے کے قریب 242 افراد کو لے کر لندن جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے پر دنیا بھر کے کئی رہنماؤں نے جمعرات کو گہرے صدمے اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے المناک قرار دیا۔برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ایئر انڈیا طیارہ حادثے پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد آباد میں پیش آنے والا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ لندن جانے والے طیارے میں کئی برطانوی شہری سوار تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ میری ہمدردی ان تمام مسافروں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہے جو اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ ہندوستانی حکام کے ساتھ مل کر حقائق معلوم کرنے اور مدد فراہم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
اس دوران ہندوستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے کہا کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر حقائق کا پتہ لگانے اور امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ ہائی کمیشن نے کہا کہ کسی بھی برطانوی شہری کو اگر قونصلر امداد کی ضرورت ہے یا جنہیں اپنے دوستوں یا خاندان کے بارے میں فکر ہے، وہ ہائی کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق ( 5000 0207008 ) پر رابطہ کریں۔
دریں اثنا، ہندوستان میں روس کے سفیر ڈینس علیپوف نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک آفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا، احمد آباد سے دل دہلا دینے والی خبر آ رہی ہے۔ اس انتہائی افسوسناک آفت پر متاثرین کے اہل خانہ، ان کے قریبی لوگوں اور تمام ہندوستانیوں اور حکومت ہند کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ہندوستان میں طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری ہمدردیاں طیارہ حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہیں، حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
فرانسیسی صدر میکرون نے ہندوستان میں طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں طیارہ گرنے کے افسوس ناک حادثے کا علم ہوا، دکھ کے ان لمحات میں میری دلی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے ہندوستان میں طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں مسافر طیارہ گرنےکی خبر بہت افسوس ناک ہے، سانحے پر ہماری ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
احمد آباد ہوائی جہاز کے حادثے پر عالمی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا
