عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وسطی ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے کے لاسی پورہ میں رات گئے آگ لگنے کے واقعے میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں سات افراد پر مشتمل ایک خاندان بے گھر ہوگیا۔ذرائع کے مطابق آگ فیاض کے گھر میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ڈھانچے اور گھریلو سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اگرچہ مقامی نوجوانوں اور رہائشیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم مکان مکمل طور پر راکھ میں تبدیل ہوگیا۔
مقامی لوگوں نے علاقے میں فائر ایمرجنسی سروس کی عدم موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ بڈگام سے متاثرہ خاندان کو فوری امداد فراہم کرنے اور ان کی بحالی کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے علاقے میں فائر اسٹیشن کے قیام کی بھی اپیل کی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر عارضی رہائش، کپڑوں، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی ضرورت ہے۔ ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ متاثرین کو نقدی اور ضروری سامان فراہم کیا جائے۔
وسطی ضلع بڈگام میں رات گئے آگ لگنے سے رہائشی مکان خاکستر
