عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے وارسن علاقے میں فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں کی کمین گاہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا ہے۔فوج کی چنار کور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائی مخصوص انٹلی جنس اطلاع کی بنیاد پر 8 اکتوبر کو بریجتھور جنگلاتی علاقے میں انجام دی گئی۔بیان کے مطابق ’مخصوص خفیہ اطلاع ملنے پر فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے بریجتھور فاریسٹ، وارسن کپواڑہ کے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔ دورانِ تلاشی، سیکورٹی فورسز نے ایک ملی ٹینٹ ٹھکانہ دریافت کیا، جہاں سے دو اے کے سیریز رائفلیں، چار راکٹ لانچرز، بھاری مقدار میں گولہ بارود اور دیگر جنگی ساز و سامان برآمد کیا گیا۔‘
فوجی ذرائع کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس خفیہ ٹھکانے کا استعمال ممکنہ طور پر دراندازی یا کسی بڑے حملے کی تیاری کے لیے کیا جا رہا تھا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ یہ کامیابی سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور بین ایجنسی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے، جس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ذرائع کے مطابق شمالی کشمیر میں حالیہ ایام میں ملی ٹینٹوںکے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے اور مزید مشتبہ مقامات کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
کپواڑہ میں کمین گاہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد: دفاعی ترجمان
