عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں آبی ذخائر کے تحفظ کو یقینی بنانا سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جھیل اور ندیاں لوگوں کے لئے زندگی کا درجہ رکھتی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشل کنوکیشن سینٹر میں سیوا پرو کے تحت منعقد کی گئی سوچھتا مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ ڈل جھیل کا وجود ہمارے اور آنے والی نسلوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف جموں وکشمیر لیک کنزویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی ( ایل سی ایم اے)، سری نگر میونسپل کارپویشن (ایس ایم سی) اور دیگر ایجنسیوں کا فرض نہیں ہے بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ آبی وسائل کو صاف رکھیں۔
جموں وکشمیر کو درپیش حالیہ قدرتی چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ‘لوگوں نے آبی وسائل کی حقیقی قدر کو جان لیا ہے،ہمیں فطرت کے ساتھ ہم آہنگی میں رہنا سیکھنا چاہیے اور اپنے آبی وسائل کو ان کی اصل شکل میں بحال کرنا چاہیے’۔
انہوں نے بتایا کہ تحفظ کی جاری کوششوں میں، تقریباً ایک تہائی ڈل جھیل، جو 6.5 کلومیٹر پر محیط ہے، کو گھاس سے پاک کر دیا گیا ہے اور کئی منصوبے مکمل ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کشمیر کے لوگوں، ایل سی ایم اے اور دیگر ایجنسیوں کو جھیل کی حالت میں نمایاں بہتری کا سہرا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام ہاؤس بوٹس کو سوئک پروگرام کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے اور ایک نیا ڈل – نگین ایکو پروجیکٹ منصوبے میں ہے، جو سیاحت کو فروغ دے گا۔
منوج سنہا نے صفائی کے کارکنوں کو ان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں شہر اور دیہات اس طرح کے اقدامات کے ذریعے زندگی گزارنے میں آسانی کا تجربہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکام اور منتظمین کو جاری پروگراموں کو تیز کرنے کے لیے بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حقیقی ترقی ماحولیاتی تحفظ کے بغیر نامکمل ہےـ انہوں نے کہا کہ ہمیں دریاؤں اور جھیلوں کو احترام اور ثقافت کی علامت کے طور پر محفوظ رکھنے کے لیے آنے والی نسلوں کے لیے بیداری پیدا کرنی چاہیےـ